ابنا: ملی یکجہتی کونسل کے قائم مقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے منصورہ میں ملاقات کی۔ وفد میں ملی یکجہتی کونسل کے قائم مقام مرکزی جنرل سیکرٹری ثاقب اکبر، مرکزی نائب صدر عاقب سعید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پیر ہارون گیلانی اور صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل علامہ مظہر عباس علوی شامل تھے۔ اس ملاقات میں ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم کے متعلق امور پر مشاورت کی گئی، جس میں طے پایا کہ ملک میں اتفاق اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونا چاہیے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ شاہ احمد نورانی اور مرحوم قاضی حسین احمد نے اپنے اپنے ادوار میں ملی یکجہتی کونسل کے لئے نہایت خوش اسلوبی سے امور سرانجام دیئے۔ مشاورتی ملاقات میں طے پایا کہ اتحاد امت اور پاکستان میں یکجہتی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے ملی یکجہتی کونسل کو پہلے سے زیادہ فعال بنایا جائے گا۔ اس موقع علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ پاکستان میں امن کی جتنی ضرورت آج ہے ماضی میں نہیں تھی، آج پاکستان بیرونی اور اندرونی سازشوں میں گھرا ہوا ہے جن کا مقابلہ باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے۔
.....
/169